بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش ملک ہے، مسعود خان

امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے منفرد جیو اکنامک محل وقوع اور متاثر کن آبادی کی وجہ سے امریکی سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کے لیے پرکشش ملک ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کے سفیر مسعود خان نے لاس اینجلس کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پاکستان-امریکن چیمبر آف کامرس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ تقریب میں ٹیکسٹائل، بینکنگ، لاجسٹکس، سولر ،فن ٹیک اور صحت کے شعبوں سے وابستہ کاروباری اور پیشہ ور افراد شریک ہوئے۔

تقریب سے اپنے خطاب میں مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے چیمبر کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 8.5 بلین ڈالرز سے بڑھ کر 12 بلین ڈالرز تک پہنچ چکا ہے ۔پاکستان کے سفیر نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کے کل حجم کو ٹیکنالوجی، آئی ٹی ، سیاحت ،انڈسٹری، تیل اور گیس کی دریافت، مینوفیکچرنگ، ہیلتھ کئیر اور زراعت جیسے شعبوں میں اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

مسعود خان نے ریاست کیلیفورنیا ، جس کی جی ڈی پی 3.5 ٹریلین امریکی ڈالر ہے کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کیلیفورنیا اہم تجارتی شراکت دار ہیں اور گذشتہ سال کیلیفورنیا کیلئے پاکستانی برآمدات کا حجم 457 ملین امریکی ڈالرجبکہ پاکستان کیلئے درآمدات کا حجم 138 ملین امریکی ڈالر تھا جس میں 319 ملین امریکی ڈالر کا سرپلس ہے ۔ 80 امریکی کمپنیاں اور کاروباری ادارے پاکستان میں دہائیوں سے منافع بخش کاروبار کر رہے ہیں اور خاطر خواہ منافع کما رہے ہیں۔

مسعود خان نے شرکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی معیشت پر اعتماد رکھیں اور پاکستان میں کاروبار کو مزید بڑھا ئیں جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ پاکستان میں ریگولیٹری نظام کے حوالے سے وفد کے اراکین کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے کاروبار کو آسان بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں ٹیکس کے نظام کو سہل اورمنظم کرنا، انٹی لیکچوئل حقوق کا تحفظ، کاروباری ویزے کے نظام کو سہل بنانا اور سائبر قوانین کا نفاذ شامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال امریکہ سے 257 ملین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جس میں سے کل 203 ملین امریکی ڈالر کا منافع واپس ترسیل کیا گیا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں متعدد ممالک جن میں فرانس، چین، جرمنی، سنگاپور، جنوبی کوریا اور جاپان کی متعدد کمپنیاں شامل ہیں بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

انہوں نے پاکستانی امریکی کاروباری افراد اور اداروں کو پاکستان میں ہونے والی معاشی تبدیلی کا حصہ بننے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ۔پاکستان کے سفیر نے چیمبر کے اراکین سے کہا کہ وہ یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ساتھ مل کر کام کریں جو پاکستان میں قابل اعتماد منصوبوں بالخصوص متبادل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔مسعود خان نے تقریب کے شرکا کو پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعدتعمیر نو اور بحالی کے عمل میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی ۔

Back to top button