حکومت پنجاب کوالٹی آف ایجوکیشن کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، قاضی محمد امین
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) قائد اعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ ڈسٹرکٹ خوشاب کے ہیڈ قاضی محمد امین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کوالٹی آف ایجوکیشن کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ اسسٹنٹ آفیسرز ، ماسٹر ٹرینرز، ہیڈ ماسٹرز اور ٹیچرز کی ٹریننگ ورکشاپ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اکیڈمی خوشاب میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایجوکیشن آفیسر ڈسٹرکٹ خوشاب عطاءالرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ قاضی محمد امین نے کہا کہ ضلع خوشاب کی چاروں تحصیلوں خوشاب، نوشہرہ ،قائد آباد اور نورپورتھل میں تواتر سے ان بیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے میل اور فیمیل ٹیچنگ سٹاف کو ممتاز ماہرین تعلیم کی زیر نگرانی ٹریننگ کروائی جاتی ہے تاکہ وہ اس سے مستفید ہوکر نونہالان وطن کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ خوشاب نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ان مستحسن اقدامات کی وجہ سے اساتذہ کرم کی تدریسی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں کے ایجوکیشنل ٹیمپو کو مزید مثالی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرطریقے سے بروئے کار لاتے میں ہرگز کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔