
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اسلام آباد پہنچ گئے
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پر ان کا پرتپاک استقبال صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیا۔
اسلام آباد آمد پر ایرانی صدر کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی، جبکہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کے دستے نے بھی معزز مہمان کے اعزاز میں فضائی سلامی پیش کی۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی بھی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ وفد کے رکن کی حیثیت سے اسلام آباد پہنچے۔ نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخ، مذہب اور ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں۔ پاکستان کی قیادت اور عوام نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔















