بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

یومیہ تین کپ چائے پینے کا فائدہ جانتے ہیں؟

امریکا اور برطانیہ میں کی جانے والی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یومیہ دو سے تین کپ پینے والے مرد و خواتین ان افراد کے مقابلے زیادہ زندگی جیتے ہیں جو چائے نہیں پیتے۔

چائے کے حوالے سے پہلے بھی متعدد تحقیقات سامنے آ چکی ہیں، جن میں سے بعض میں اس کے کچھ نقصانات بتائے گئے تھے، تاہم زیادہ تر میں چائے اور کافی کو صحت کے لیے فائدہ مند بتایا گیا تھا۔

حیران کن طور پر کچھ دن قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ گرم چائے اور گرم کافی پینے سے گلے کی بیماریاں اور یہاں تک کہ گلے کا کینسر بھی ہوسکتا ہے۔

تاہم اب امریکا اور برطانیہ میں کی جانے والی مشترکہ طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ چائے پینے کی عادت زندگی بڑھانے میں مددگار ہو سکتی ہے۔

امریکی ماہرین کی جانب سے برطانیہ کے یوکے بینک ڈیٹا سمیت امریکا کے 5 لاکھ افراد پر کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ چائے پینے سے نہ صرف زندگی بڑھتی ہے بلکہ اس سے جسمانی فوائد بھی ملتے ہیں۔

مذکورہ تحقیق میں شامل مرد و خواتین کی عمریں 40 سے 69 سال تک تھی اور ان سے سروے کیے جانے کے ایک دہائی بعد ان کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جس سے حیران کن نتائج برآمد ہوئے۔

ماہرین کے مطابق تحقیق میں شامل زیادہ تر رضاکاروں میں چائے پینے سے ان میں بیماریوں کے امکانات کم ہوگئے، جس سے ان کی زندگی بڑھ گئی۔

تحقیق میں شامل ہزاروں رضاکاروں نے بتایا کہ وہ یومیہ 10 کپ تک چائے پیتے ہیں جب کہ سروے میں شامل افراد نے بلیک ٹی، گرین ٹی اور دودھ پتی سمیت دیگر اقسام کی چائے شوق سے پینے کا اعتراف کیا۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں کے چائے پینے کی عادت اور ان میں بیماریوں کی سطح دیکھنے کے بعد نتائج اخذ کیے کہ کم از کم یومیہ دو سے تین کپ چائے پینے والے افراد ذہنی و جسمانی طور پر متحرک رہتے ہیں، جس وجہ سے ان میں بیماریوں کی سطح کم ہوجانے پر ان کی زندگی بڑھ جاتے ہیں۔

اشتہار
Back to top button