پاکستان فٹبال کی معطلی ختم ہونے کے امکانات روشن
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا میں پاکستان کی معطلی کے خاتمے کی راہیں ہموار ہونے لگی ہیں، فیفا کانگریس کی بھاری اکثریت نے پاکستان کی جانب سے شرائط مکمل ہونے پر پابندی ختم کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔
فیفا کا 72 واں کانگریس اجلاس قطر کے شہر دوحا میں ہوا جس میں پاکستان کی رکنیت کی بحالی کے حوالے سے ووٹنگ ہوئی جس پر 195 ممبران نے پاکستان کے حق میں جبکہ صرف چار نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔
فیفا کانگریس کے ووٹ کے بعد اب فیفا کونسل کو یہ اختیار مل گیا ہے کہ شرائط مکمل ہوتے ہی پاکستان کی معطلی کو ختم کردیا جائے ۔
پاکستان کی معطلی ختم کرنے کی بنیادی شرائط پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) ہیڈ کوارٹرز اور پی ایف ایف اکاؤنٹس کی باضابطہ طور پر نارملائزیشن کمیٹی کو حوالگی ہیں۔
پی ایف ایف کے دفاتر تو کمیٹی کو مل چکے ہیں البتہ باضابطہ اکاؤنٹس ٹرانسفر ہونے کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا، یہ عمل مکمل ہوتے ہی پاکستان کی معطلی ختم ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفاتر پر اشفاق حسین گروپ کے قبضہ کے بعد فیفا نے پاکستان کی رکنیت کو معطل کردیا تھا۔