بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، نوجوان جاں بحق

اسرائیلی فوج نے دو افسران کو چاقو مارنے کے الزام میں ایک شخص کو مسجد اقصیٰ کے احاطے میں فائرنگ کر کےمار ڈالا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے دروازوں میں سے ایک بیب ہتا میں مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے کے قریب پیش آیا۔

مذکورہ شخص کی شناخت 19سالہ کریم جمال القواسمی کے نام سے ہوئی ہے اور وہاں موقع پر پہنچنے والے طبی عملے نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اسرائیلی پولیس نے بیان میں کہا کہ حملہ آور نے چاقو نکالا اور ایک افسر پر حملہ کردیا، دوسرا افسر واقعے میں زخمی ہوا اور دونوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ چاقو سے کیے گئے اس مبینہ حملے میں دو افسران معمولی زخمی ہوئے۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں ایک نوجوان کو گولی لگنے کے بعد زمین پر ڈھیر دیکھا جا سکتا ہے البتہ اس ویڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہ ہو سکی۔

اسرائیلی فورسز نے واقعے کے بعد مسجد الاقصیٰ کے تمام داخلی دروازوں کو بند کردیا ہے البتہ کچھ دیر بعد انہیں دوبارہ کھول دیا گیا۔

یہ نوجوان مشرقی یروشلم کے علاقے الطور کا رہائشی تھا اور اسرائیلی فوج نے نوجوان کی موت کے بعد اس کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تھا اور اس کے بھائی اور والدہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

اشتہار
Back to top button