بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

نوواک جوکووچ آسٹریلیا ملک بدری کا کیس جیت گئے

عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلیا ملک بدری کا کیس جیت گئے، آسٹریلوی عدالت نے جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنے کافیصلہ کالعدم قراردے دیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق حکومت ٹینس اسٹار کا ویزا منسوخ کرنے کی درست دلیل دینے میں ناکام رہی ہے۔

نوواک جوکووچ کی آسٹریلیا میں داخلے کے کیس کی سماعت ہوئی، آسٹریلوی عدالت نے حکومت کو ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

 آسٹریلوی عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جوکووچ کے ویزا منسوخی کا حکم منسوخ کردیا گیا ہے، جوکووچ کا ویزا درست ہے اور وہ آسٹریلیا میں داخل ہو سکتے ہیں۔

 حکومتی وکیل کا عدالتی فیصلے پر کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر جوکووچ کا ویزا دوبارہ منسوخ کرنے پر غور کر سکتے ہیں، امیگریشن قانون کے تحت وزیر کو ویزا منسوخ کرنے کے غیرمعمولی اختیارات حاصل ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر وزیر نے ویزہ منسوخی کا فیصلہ کیا تو جوکووچ پر آسٹریلیا میں داخلے پر3 سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے بدھ کے روز کورونا وائرس کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Back to top button