بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ خفت مٹانے کے سوا کچھ نہیں،پاکستان

پاکستان نے بھارت کی جانب سے فروری 2019 میں پاکستان کا ایف 16طیارہ مارگرانے کا دعویٰ مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کا ایف16 طیارہ گرانے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد اورمن گھڑت ہے، بھارتی پائلٹ کو ایوارڈ دینا اپنی عوام کو خوش کرنا اور خفت مٹانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین اورامریکی حکام نے تصدیق کی تھی کہ اس دن کوئی ایف16طیارہ نہیں مارگرایا گیا، بین الاقوامی اور امریکی ماہرین نے طیاروں کی تعداد کا جائزہ لیکرطیارہ نہ گرائے جانے کی تصدیق کی لہٰذا بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا فوجی کنڈکٹ اور اقدار کے منافی ہے اور  شکست خوردہ بھارتی پائلٹ کو اعزاز سے نوازنا خود اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری 2019کو پاکستان ائیر فورس نے 2 بھارتی جہازوں کو دن کی روشنی میں بہادری سے مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ 21 طیارہ آزاد جموں وکشمیر کی حدود میں گرایا گیا تھا اور تباہ شدہ بھارتی جہازکے پائلٹ کوپاکستان نے پکڑکرجذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا جب کہ بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانا اس بات کا غمازہے کہ پاکستان بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود امن کا خواہاں ہے۔

Back to top button