نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کو دھمکی آمیز ای میل بھارت سے بھیجی گئی
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مہمان ٹیم کو جس جعلی ای میل کے ذریعے دھماکے سے مار دینے کی دھمکی دی گئی وہ بھارت سے جنریٹ ہو ئی، بھارت میں وی پی این استعمال کرکے آر ایم ایکس 1971 ڈیوائس سے بھیجی گئی تھی اور اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہورہی تھی۔ ملک میں ہمیں ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے۔
کرکٹ سیریز کی منسوخی کے معاملے پر انٹر پول سے معاونت طلب کی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فواد چودھری نے کہا کہ انٹرل پول سے معاونت طلب کرنے کے بعد ہمیں جو تفصیلات موصول ہوئیں اس کے مطابق جعلی ای میل ایڈریس حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی اور اس کے 13 منٹ بعد دھمکی آمیز ای میل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھیجی گئی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آر ایم ایکس 1971ڈیوائس سے مجموعی طورپر 13ای میل ایڈریس جنریٹ کیے گئے لیکن ان میں صرف ایک کا نام حمزہ آفریدی رکھا گیا تاکہ پاکستان سے اس کا تعلق ظاہر کیا جاسکے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں ہمیں ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، کرکٹ سیریز کی منسوخی کے معاملے پر انٹر پول سے معاونت طلب کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہورہا تھا تب ایس سی او کا اجلاس جاری تھا اور وزیراعظم کی تقریب سے 15منٹ پہلے ہمیں اطلاع ملی لیکن مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ وزیر اعظم کو فوری آگاہ نہیں کیا جائے تاکہ وہ پریشان نہ ہوں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی)اور جماعت الاحرار کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے جعلی نام سے 19 اگست 2021 کو فیس بک پوسٹ سامنے آتی ہے جس میں نیوزی لینڈ اور اس کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دورہ پاکستان منسوخ کردے کیونکہ آئی ایس کے پی نے ٹیم پر حملے کا منصوبہ بنایا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس کے بعد 21 اگست 2021 کو بھارتی ویب سائٹ سنڈے گارڈین ابی نندن میشرا کے بیورو چیف نے ایک آرٹیکل شائع کیا نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان میں دہشت گردی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ابی نندن میشرا کے افغانستان کے سابق نائب صدر امراللہ صالح سے بہت قریبی تعلقات ہیں اور امر اللہ صالح پاکستان مخالف ہونے کے حوالے سے مشہور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے چند دن بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ایک ای میل موصول ہوتی ہے کہ جس میں اطلاع دی جاتی ہے کہ مارٹن گپٹل کو دورہ پاکستان میں قتل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ جس ای میل ایڈریس سے مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ای میل کی وہ کسی بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک سے منسلک نہیں تھی، کسی ایس این ایم سے تعلق نہیں تھا، یہ ای میل ایڈریس 24تاریخ رات 5 بجے بنایا گیا اور 11بجے ان کی اہلیہ کو ای میل کی گئی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اس ای میل سے اب تک صرف ایک ہی ای میل کی گئی جو مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو کی گئی تھی، دراصل ای سی پروٹون سرور سے کی گئی جس کی تفصلات عام حالات میں دستیاب نہیں ہوتی اس لیے ہم نے انٹرپول سے اس ای میل سے متعلق معلومات طلب کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے باوجود نیوزی لینڈ ٹیم اپنا دورہ منسوخ نہیں کیں کیونکہ دونوں ممالک کی ایجنسیوں نے دھمکی پر مبنی ای میل کو جعلی قرار دے دیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچی اور انہیں غیر معمولی سیکیورٹی فراہم کی گئیں اور انہوں 13تاریخ کو پہلی پریکٹس کی۔ انہوں نے کہا کہ 17تاریخ کو جس دن میچ ہونا تھا، صبح کے وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی حکومت کا حوالہ دے کر کہا کہ سیکیورٹی خدشات ہیں اس لیے دورہ منسوخ کررہے ہیں، متعلقہ حکام نے کیویز ٹیم سے سیکیورٹی خدشات شیئر کرنے کا بھی کہا لیکن وہ اس بارے میں اتنے ہی نابلد تھے جتنے ہم تھے کیونکہ سیکیورٹی خدشات یہاں نہیں تھے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس دوران ہم نے وزیر اعظم کو نیوزی لینڈ کے دورے سے متعلق آگاہ کیا اور ہماری درخواست پر عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے بات کی جس میں جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ اہم معلومات موصول ہوئی ہیں اور کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ اور برطانوی کرکٹ ٹیم کے دورہِ پاکستان منسوخ ہونے کے حوالے سے کہا ہے کہ مایوسی کفر ہے، ایک وقت آئے گا جب دنیا بھر کی ٹیمیں پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کریں گی۔
اسلام آباد میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایسا تاثر دے رہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ختم ہوگئی ہے، وہ میڈیا کے ذریعے جعلی خبریں پھیلا رہا ہے اور بہت جلد منہ کی کھائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں یہ پیغام لے کر آیا ہوں کہ ہم زندہ قوم ہیں اور تنہا نہیں کیے جا سکتے، ہمیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، آنے والے دن پاکستان کے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو مزید ترقی دینے کے لیے کوشاں رہیں گے۔