کپیل دیو نے دھونی کو ٹیم کا مینٹیور مقرر کرنا درست فیصلہ قرار دیدیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و آل رائونڈر کپیل دیو نے بی سی سی آئی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کیلئے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو بطور مینٹیور ٹیم کے ساتھ بھیجنے کے فیصلے کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بروقت اور صحیح فیصلہ ہے، ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کپیل دیو کا کہنا تھا کہ یہ ایک سپیشل کیس ہے کہ دھونی کو ریٹائرمنٹ کے ایک سال بعد ہی ٹیم میں ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں
ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے یہ کہتا آیا ہوں کہ کوئی بھی کھلاڑی جب ریٹائر ہو جائے تو کم از کم تین سے چار سال تک اسے ٹیم کے ساتھ کسی طرح کی ذمہ داری نہ سونپی جائے مگر کیونکہ دھونی کو ایک سال بعد ہی ذمہ داری سونپی گئی ہے تو اس کی خاص وجہ ہے اور یہ ٹھیک بھی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دھونی ٹیم کیلئے اچھے ثابت ہونگے اور ایسے وقت میں جب روی شاستری بھی کورونا کا شکار ہیں اور انہیں بحال ہونے کیلئے وقت چاہئے تو دھونی کو مینٹیور مقرر کرنا درست ہے۔