لاہور میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5افراد جاں بحق
لاہور میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ کرنٹ لگنے سے 6 جانور بھی ہلاک ہوئے۔
لاہور میں بادلوں کی گھن گرج اور دھواں دھار بارش سے شہر کے متعدد علاقے پانی پانی ہوگئے، نشیبی علاقے زير آب آگئے اور سڑکیں ڈوب گئیں جب کہ گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئيں۔
شہر میں سب سے زيادہ بارش لکشمی چوک پر 161 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی لیکن بارش رکنے کے کچھ دیر بعد ہی شہر کا زيادہ تر علاقہ کلیئر ہوگیا جب کہ بارش سے لیسکوکے 100 سے زائد فيڈرز ٹرپ کرگئے۔
شہر میں بارش سے ہونے والے حادثات میں تین بچے کاہنہ میں چھت گِرنے سے ملبے تلے دب کر دم توڑ گئے جب کہ قصور میں آسمانی بجلی گِرنے اور اوکاڑہ میں بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگيا۔
پولیس کے مطابق شہر میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 6 جانور بھی ہلاک ہوئے جہاں شیراکوٹ میں کرنٹ سے ایک گائے اور بھینس جب کہ مانگا منڈی میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 بھینسیں ہلاک ہوئیں۔