عاصمہ رانی قتل کیس، والد نے قاتل کو فی سبیل اللہ معاف کردیا
خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں 2018 میں قتل ہونے والی میڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کے والد نے عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرم مجاہد آفریدی کو فی سبیل اللہ معاف کرنے کا اعلان کردیا۔
ضلع لکی مروت میں عاصمہ رانی قتل کیس کے حوالے سے صلح کے لیے سرائے نورنگ میں جرگہ منعقد ہوا، جہاں مجرم مجاہد آفریدی کے خاندان، آفریدی قوم اور تبلیغی مرکز کے علما سمیت مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین بھی شریک ہوئے۔
جرگے میں مروت قومی جرگہ کے کسی رکن نے شرکت نہیں کی، اس سے قبل انہوں نے جرگے کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
عاصمہ رانی کے والد غلام دستگیر نے جرگے میں کہا کہ مجاہد آفریدی کو فی سبیل اللہ معاف کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ عاصمہ رانی ایوب میڈیکل کالج ابیٹ آباد میں میڈیکل کی تھرڈ ائیر کی طالبہ تھیں اور انہیں مجاہد آفریدی نے 28 جنوری 2018 کو رشتے سے انکار پر ضلع کوہاٹ میں ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔