سالانہ روح پرور تقریب میں خانہ کعبہ کو غسل دے دیا گیا
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی غیر موجودگی میں ان کے مشیر و گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خانہ کعبہ کو غسل دینے کے فرائض سرانجام دیے
نئے اسلامی سال 1443 ہجری کے موقع پر منعقد کی گئی سالانہ روح پرور تقریب میں خانہ کعبہ کو غسل دے دیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی غیر موجودگی میں ان کے مشیر و گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خانہ کعبہ کو غسل دینے کے فرائض سرانجام دیے۔
عموماً غسلِ کعبہ کی نگرانی خادم حرمین شریفین کرتے ہیں تاہم اس مرتبہ یہ فریضہ مکہ مکرمہ کے گورنر نے سرانجام دیا۔
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے عرق گلاب سے معطر آبِ زمزم سے خانہ کعبہ کو اندر سے دھویا اور کعبہ شریف کی دیوار کپڑے کے ٹکڑے سے خشک کیا۔
خانہ کعبہ کو غسل دیے جانے کے لیے عرق گلاب سے معطر آبِ زمزم کا مرکب کورونا وائرس کی عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت جنرل پریذیڈنسی کی جانب سے پہلے ہی تیار کرلیا گیا تھا۔
کعبہ کو غسل دینے کی تقریب میں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ بندر بن سلطان بن عبدالعزیز اور حج و عمرہ کے قائم مقام وزیر ڈاکٹر اسام بن سعد بن سعید نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، ممتاز علما اور کلید برداران کعبہ بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے زور دیا کہ ’ خانہ کعبہ کو غسل دیے جانے کی رسم مملکت کی دانشمندانہ قیادت کی جانب سے حرمین شریفین کو دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے’۔
انہوں نے بشاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود کے دور سے لے کر شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کے خوشحال دور تک حرمین شریفین اور ان کے زائرین کا ہر طرح سے خیال رکھے جانے کی بھی تعریف کی۔
واضح رہے کہ غسلِ کعبہ کی رسم سال میں دو مرتبہ یکم شعبان اور محرم کے مہینے میں ادا کی جاتی ہے۔