کورونا سے ملک میں مزید 65 افراد جاں بحق
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 41 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں
ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کا آغاز ہو چکا ہے ، کورونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 65 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 360 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 29 ہزار 811 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 950 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 56 ہزار 211، سندھ میں 3 لاکھ 80 ہزار 93، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 43 ہزار 673، بلوچستان میں 30 ہزار 289، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 96، اسلام آباد میں 87 ہزار 304 جبکہ آزاد کشمیر میں 24 ہزار 145 کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 58 ہزار 479 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.46 فیصد رہی۔ کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 11 ہزار 41 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 5 ہزار 971، خیبرپختونخوا 4 ہزار 456، اسلام آباد 801، گلگت بلتستان 141، بلوچستان میں 328 اور آزاد کشمیر میں 622 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سندھ حکومت نے کراچی میں مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ تمام امتحانات ملتوی، مارکیٹیں اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی۔ شہریوں کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سڑکوں پر چیک ہوں گے۔ سندھ حکومت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندیوں کا اطلاق آج سے 8 اگست تک ہوگا۔ سرکاری، نجی دفاتر، تعلیمی ادارے اور کوچنگ سینٹرز بند رہیں گے، ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، مچھلی، گوشت، سبزی، دودھ، کریانہ سٹورز صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گے، بیکری، تنور، فروٹ کے ٹھیلے، ہسپتال، لیبارٹریز، میڈیکل سٹورز اور پٹرول پمپس کھلے رہیں گے۔