بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

امریکی فوج مختصر تعداد میں افغانستان میں رہے گی،پینٹاگون

افغانستان میں امریکی قیادت میں تبدیلی، بگرام ائیربیس کا کنٹرول واپس دینا انخلا میں اہم سنگ میل ہے،ترجمان

ترجمان پینٹاگون کا کہنا ہےکہ افغانستان سے انخلا کے بعد امریکی فوج کی مختصر تعداد وہاں رہے گی۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران جان کربی نے کہا کہ صدربائیڈن کی ہدایات کے مطابق افغانستان سے محفوظ انخلاجاری ہے اور وہاں سے امریکی افواج کا انخلا اگست کےآخر تک مکمل ہوجائےگا جب کہ افغانستان سےامریکی افواج کے انخلا کے بعد امریکی فوج کی مختصر تعداد وہاں موجود ہوگی۔

ترجمان پینٹاگون نے بتایا کہ افغانستان میں امریکی مشن کی کمانڈ جنرل فرینک میکنزی کو منتقل کرنےکی منظوری دے دی گئی ہے اور وہاں امریکی مشن کی کمانڈکی منتقلی رواں ماہ کے آخر تک نافذ ہونے کی توقع ہے، جنرل میکنزی افغانستان میں امریکی افواج کے کمانڈرکی تمام ذمہ داریاں نبھائیں گے جب کہ جنرل ملر ذمہ داریاں جنرل میکنزی کو منتقل کرنےکیلئےکچھ ہفتے افغانستان میں رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکی قیادت میں تبدیلی، بگرام ائیربیس کا کنٹرول واپس دینا انخلا میں اہم سنگ میل ہے، افغانستان میں امریکی فوج سفارتی عملے کے تحفظ اور کابل ائیرپورٹ کی سکیورٹی پرتوجہ رکھےگی،اس کے علاوہ امریکی فوج افغان فورسزکی معاونت و مشاورت، انسداددہشتگردی کی امریکی کوششوں میں سپورٹ کرےگی۔جان کربی نے مزید کہا کہ افغان حکومت اور عوام کےساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

Back to top button