دو طیاروں کا فضا میں تصادم، طیارے کی پیرا شوٹ کے ذریعے لینڈنگ، ویڈیو دیکھیں
سرس ایس آر 22 طیارہ پیراشوٹ کے ذریعے کھیت میں اترا جس کے دونوں پائلٹ محفوظ رہے
امریکا کے ڈینور شہر کے ایئرپورٹ کے قریب گذشتہ روز 6100 فٹ کی بلندی پر دو طیاروں کے تصادم میں کسی جانی نقصان نہ ہونے کی ناقابل یقین خبر سامنے آئی تھی۔
ٹکراؤ کے بعد ایک کارگو طیارہ بحفاظت ائیر پورٹ پر لینڈ کر گیا تھا جبکہ دوسرا سرس ایس آر 22 طیارہ پیراشوٹ کے ذریعے کھیت میں اترا جس کے دونوں پائلٹ محفوظ رہے۔
جنوری 2016 میں پہلی اڑان بھرنے والا اے 4 ای اے بی ای ماڈل کا 5 سال پرانا سرس ایس آر 22 طیارہ پرائیویٹ ملکیت ہے، جس کی پیراشوٹ کے ذریعے کھیت میں اترنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر گرنے کے انداز میں اترتا ہے۔
حکام کے مطابق اس سے طیارے کو تو شدید نقصان پہنچا مگر اس میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ رہے جو جہاز کے زمین پر گرتے ہی خود نیچے اترے اور چلتے ہوئے دور چلے گئے۔
فضا میں 2 طیاروں کے ٹکرانے اور اس میں کوئی جانی نقصان نہ ہونے سے ہوابازی کے ماہرین سوشل میڈیا پر کافی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ویڈیو سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ جدید دور میں جہازوں کے مسافر ہی نہیں طیارے بھی پیراشوٹ سے اتر سکتے ہیں۔ یہ حادثہ 12 مئی کی صبح 10 بجکر 23 منٹ پر پیش آیا۔
امریکا کے سالیدہ ایئرپورٹ سے اڑنے والی کارگو فلائٹ نمبر کے جی 970 سے ڈینور کے کنٹینیل ائرپورٹ پر لینڈنگ کیلئے اپروچ پر تھی عین اسی وقت 6 ہزار ایک سو فٹ کی بلندی پر دوسری پرواز این 416 کے سرس ایس آر 22 کنٹینیل ایئرپورٹ کے اوپر پرواز پر کرر رہی تھی۔
چیری کریک اسٹیٹ پارک کے اوپر دونوں طیارے 6100 فٹ کی بلندی پر ٹکرا گئے تھے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کارگو فلائٹ کے جی 970 کا سوئرینجن ایس آر 226 ٹی سی طیارے کی چھت کا کافی حصہ تصادم میں اڑ گیا تھا مگر اس کے باوجود طیارے کے تنہا پائلٹ نے جنوری 1978 میں پہلی اڑان بھرنے والے 43 سال پرانے اس پرائیوٹ طیارے کو باحفاظت کنٹینیل ائیر پورٹ پر لینڈ کرالیا تھا، اس فضائی حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔