بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

شہباز شریف کی بھی بیرون ملک جانے کی تیاریاں،پٹیشن دائر کردی

شریف نے اپنا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی بیرون ملک جانے کی تیاریاں کرنے لگے۔شہباز شریف کی جانب سے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کے لیے عدالت میں پٹیشن دائر کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے اپنا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔شہبازشریف کی جانب سے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے لاہور ہائیکورٹ میں پٹیشن دائر کی جس میں استدعا کی گئی کہ ان کا نام بلیک لسٹ سے نکالا جائے۔

شہباز شریف نے درخواست میں کہا کہ مجھے آشیانہ اقبال ریفرنس، رمضان شوگر ملز ریفرنس میں عدالت سے ضمانت ملی ،جس کے بعد بیرون ملک گیا اور پھر وطن واپس بھی آیا۔وفاقی حکومت کی جانب سے نام بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، نام بلیک لسٹ میں شامل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،عدالت وفاقی حکومت کو درخواست گزار کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری کرے۔
درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔

Back to top button