بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

کاشتکاروں کی سہولت کے لیے ای آبیانہ نظام متعارف

کاشتکاروں کو اب آبیانہ کے کمپیوٹرائزڈ بل کا اجرا ہوگا۔ ای آبیانہ نظام کے تحت بے پناہ سہولت ملے گی،وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کاشتکاروں کی سہولت کے لیے ای آبیانہ نظام متعارف کرا دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں 90 شاہراہ قائداعظم پر ای آبیانہ بلنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے شرکت کی۔ عثمان بزدار نے کاشتکاروں سے آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ آبیانہ وصولی کے جدید ای سسٹم سے صدی پرانے نظام کاخاتمہ ہوگیا۔ کینال ڈویژنزخانواہ، لیہ، قصور، شیخوپورہ میں ای آبیانہ نظام کا اجرا ہوا ہے، اس نظام کو بتدریج پورے صوبے میں متعارف کرایا جائے گا، کاشتکاروں کو اب آبیانہ کے کمپیوٹرائزڈ بل کا اجرا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ای آبیانہ نظام کے تحت بے پناہ سہولت ملے گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت کسانوں کو پرچی پر آبیانہ نہیں دیا جائے گا، جدید نظام سے کسانوں کے استحصال کا خاتمہ ہوگا، ای آبیانہ نظام کی بدولت بروقت وصولی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اس نظام سے نہری نظام کی دیکھ بھال میں مالی معاونت ملے گی۔ خیال رہے کہ تقریب کے موقع پر عثمان بزدار نے ای آبیانہ کے بل کاشتکاروں کو دیے۔

Back to top button