نسٹ کی جانب سے فلاحی پارٹنرز کے اعزاز میں تقریب
نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی جانب سے طلبہ کی معاونت، استعداد میں بہتری اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں فلاحی خدمات انجام دینے والے اپنے پارٹنرز کے اعزاز میں سالانہ ”ڈونر اپریسئیشن ایونٹ“ کا انعقاد کیا گیا۔
کرونا وائرس کی وباء کے پیش نظر یہ تقریب آن لائن منعقد کی گئی جس میں دنیا بھر سے نسٹ کے پارٹنرز نے حصہ لیا۔
ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان، ہلال امتیاز (ملٹری) کی جانب سے افتتاحی تقریر کے بعد ڈائریکٹر نسٹ یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ آفس نے نسٹ کے تدریسی و تحقیقی ماحول پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ نسٹ ٹرسٹ فنڈ کے ٹرسٹی اور امریکہ کی مایہ ناز کاروباری شخصیت نجیب غنی، نسٹ ٹرسٹ فاؤنڈیشن برطانیہ کے ٹرسٹی طٰہ قریشی او بی ای اور راحیل نواز، صدر ڈاکٹرز گروپ کے ایس اے ڈاکٹر اسد رومی، اور کئی دیگر ممتاز پارٹنرز نے اظہار خیال کیا اور تعمیر وطن میں نسٹ کی کوششوں کو سراہا۔ دیگر شرکاء میں ڈائریکٹر ناما ویمن ایڈوانسمنٹ اسٹیبلشمنٹ شارجہ ریم بن کرم، مختلف ملٹی نیشنل اور ملکی اداروں کے سی ای او صاحبان، معززین، بزنس چیمبرز کے صدور، نسٹ کے سابق طلبہ اور پروگرام سے مستفید ہونے والے طلبہ شامل تھے۔
شرکاء نے اس موقع پر نہ صرف اپنی معاونت کا سلسلہ جاری رکھنے بلکہ ملک بھر کے مستحق طلبہ کی زیادہ تعداد تک اس معاونت کو پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔