بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پارلیمنٹ کے ارکان و اسٹاف میں کورونا مثبت آنے کا انکشاف، متأثر ارکان کا ایوانوں میں داخلہ بند ہوگا

اسلام آباد(صباح نیوز)

پارلیمنٹ کے ارکان و اسٹاف میں کورونا کیسز مثبت آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پارلیمنٹ کے2 ارکان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آ گئی جس کے بعد کورونا وائرس کا شکار ہونیوالے ارکان کا ایوانوں میں داخلہ بند ہو گا۔

صدر مملکت عارف علوی نے 11مئی کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت کے لیے ارکان کا کورونا ٹیسٹ کروانا لازم قرار دیا تھا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو اور سینیٹ اجلاس منگل کو ہو گا اور اس کے لئے ارکان کے کورونا ٹیسٹ لئے جارہے ہیں اور پارلیمانی اجلاس سے قبل کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ این آئی ایچ کے عملے نے ارکان پارلیمنٹ کے ٹیسٹ کے نمونے حاصل کر لئے ہیں۔ اب تک جن ارکان کے ٹیسٹ لئے گئے ہیں ان میں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب، طاہرہ اورنگزیب، راجہ ظفرالحق، رانا ثنااللہ، مشاہد حسین، مائزہ حمید، عائشہ غوث پاشا، جنرل (ر) عبد القیوم اور سینیٹر سلیم ضیا شامل ہیں۔ اور اب تک ان میں سے دو ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے اسٹاف کی کورونا رپورٹ مثبت آچکی ہے۔

دوسری جانب ارکان پارلیمنٹ اور عملے میں کورونا کی تشخیص کے بعد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈی والا نے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس موخر کرنے کی تجویز دے دی ہے اور کہا ہے کہ ارکان اور  پارلیمنٹ عملے میں کورونا کی تشخیص باعث تشویش ہے۔ سلیم مانڈی والا نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافے سے متعلق میرے خدشات درست ثابت ہو رہے ہیں۔ اب یہ وائرس پارلیمنٹ کی راہداریوں میں بھی پہنچ گیا ہے،  مزید ارکان اور عملے میں کرونا کی تشخیص ہونے کا خدشہ ہے۔ بروقت خبردار کردیا تھا کہ ٹیسٹ کے بغیر کسی کو پارلیمنٹ میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ موجودہ صورتحال میں اجلاس بلانے کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں۔ ضروری ہو تو اجلاس میں تاخیر کی جائے اور ٹیسٹ کو یقینی بنانے کے بعد  ہی پارلیمنٹ میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

یہ بھی پڑھیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button