
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا
پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیر مین بیرسٹر گوہر اور پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کرلیا۔پولیس ذرائع کے مطابق شعیب شاہین کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کےلیے پولیس اب بھی پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر موجود ہے۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی گرفتاری سے قبل ان کے ساتھ شیخ وقاص اکرم، صاحبزادہ حامد رضا، زین قریشی اور شاہد خٹک بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود تھے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عمرایوب اور زرتاج گل کو بھی گرفتار کیا جائے گا، تاہم علی محمد خان پارلیمنٹ ہاؤس سےروانہ ہوگئے ہیں اور پولیس کی جانب سے انہیں گرفتارنہیں کیا گیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں۔ڈی چوک، نادرا چوک، سرینا اور میریٹ کے مقام سے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔ریڈ زون میں داخلے اور باہر جانےکے لیے صرف مارگلا روڈ کا راستہ کھلا ہے۔















