
دفتر خارجہ نے برطانوی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان کی پاک افغان سرحدی صورتحال سے متعلق پوسٹ یکطرفہ قرار دیدی
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے برطانوی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان کی جانب سے پاک-افغان سرحدی صورتحال سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو یکطرفہ قرار دیا ہے۔میڈیا کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے غیر ضروری بیانات متوازن اور معروضی مؤقف پیش نہیں کرتے۔ترجمان نے کہا کہ ضروری ہے کہ علاقائی صورتحال، پاکستان کے اصولی مؤقف اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام کی بے مثال قربانیوں کو بہتر طور پر سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مارچ میں پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ عارضی وقفے کے باوجود افغان جانب سے سرحد پار جارحیت اور دہشت گردوں کی دراندازی کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔ترجمان کے مطابق اس دوران افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال اور اندھا دھند سرحد پار حملوں اور افغانستان میں موجود طالبان کی حمایت یافتہ بھارتی پراکسیز کی پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیوں کے نتیجے میں باون شہری شہید اور چوراسی زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مؤثر جواب دیا اور افغان طالبان کی چوکیوں اور دہشت گردوں کے سہولت کار ڈھانچے کو نشانہ بنایا، جبکہ سرحد پار دراندازی کی متعدد کوششوں کو بھی ناکام بنایا گیا۔















