صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام اور ان کی آزادی، وقار اور حق خودارادیت کے جائز حق کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر آج اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اس وقت تک مضبوطی سے کھڑا رہے گا جب تک وہ حق خودارادیت استعمال کرنے اور آزادی، وقار اور پائیدار امن کے ساتھ اپنی آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط ریاست میں رہنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔
صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابلِ اعتماد سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اور با مقصد اقدامات کریں جو جون انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور پاکستان کے عوام فلسطینی بھائی بہنوں کی آزادی، وقار اور ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ بھرپور اور غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے آج فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور عرب امن اقدام کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، دیرپا اور جامع حل کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حل کے تحت جون انیس سو سڑسٹھ سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد، خودمختار، قابل عمل اور جغرافیائی طور پرمتصل فلسطینی ریاست کا قیام یقینی بنایا جانا چاہیے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو اور فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت ملنی چاہیے۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن صرف اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کو ان کا حق خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہے۔
