نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تمام وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو کفایت شعاری سے متعلق حکومتی ہدایات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضروری ترین اخراجات کو ترجیح دی جائے، تاہم عوامی خدمات کی فراہمی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔
اس حوالے سے اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں کفایت شعاری اور اضافی بچت کے اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں کمیٹی نے اپنے گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر وفاقی حکومت اور اس کے ماتحت محکموں میں کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد اور متعلقہ ہدایات کی پابندی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اور صوبائی حکومتیں کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کریں اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنائیں، جبکہ عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔
