دوسری بین الاقوامی قرأت مقابلے کا آغاز منگل کو اسلام آباد میں ہوگا

دوسری بین الاقوامی قرأت مقابلے کا آغاز منگل سے اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے ممتاز قراء کرام شرکت کریں گے۔ تین روزہ عالمی مقابلے میں شرکت کے لیے مختلف ممالک سے معروف قراء پاکستان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

مقابلے کے لیے ایران اور مصر سے تعلق رکھنے والے ججز بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جبکہ کیمرون، ٹوگو، موزمبیق اور ازبکستان کے قراء گزشتہ شب پاکستان پہنچے۔

جرمنی، اردن، الجزائر، عراق، لیبیا اور ترکیہ کے شرکاء بھی آج پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اس کے علاوہ تیونس، آئیوری کوسٹ، مصر، تنزانیہ، گیمبیا، نائیجیریا، قطر، مراکش اور فرانس سے تعلق رکھنے والے قراء کرام بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی اس مقابلے میں چیف جج کے فرائض انجام دیں گے۔

تین روزہ مقابلے کا مقصد قرآن کریم کی تلاوت کے فن کو فروغ دینا اور دنیا بھر کے قراء کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے عالمی سطح کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

↑
Exit mobile version