وزیراعظم شہباز شریف کی پاکستان کے علاقائی مذاکرات میں کردار کے اعتراف پر پرتگال کی تعریف

وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے اور یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے تحت پاکستان کی مسلسل رسائی کی حمایت پر پرتگال کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے پرتگال کے وزیر مملکت و امور خارجہ پاؤلو رانجل نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پرتگال کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان کثیرالجہتی شراکت داری کے فروغ کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کرنے کی پاکستانی تجویز قبول کرنے پر پرتگال کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ترجیحات کے تعین اور عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک منظم طریقہ کار فراہم کرے گا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی روابط کے فروغ اور تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم اور پرتگالی وزیر خارجہ نے دورے کے موقع پر منعقد ہونے والے پاکستان پرتگال بزنس فورم کا بھی خیرمقدم کیا، جس میں پرتگال کی تقریباً 20 کمپنیوں نے شرکت کی۔ فورم کے ذریعے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

دونوں فریقین نے زراعت کے شعبے میں تعاون، خصوصاً زیتون کی کاشت، پراسیسنگ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور پرتگال کے ٹیکسٹائل اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں افرادی قوت کی نقل و حرکت، ہنرمندی کی ترقی، تعلیمی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی و عالمی امور بھی زیر بحث آئے۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالیہ دورے کے مثبت نتائج کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا اور باہمی تعاون کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

↑
Exit mobile version