وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے 112 ارب روپے کے قرضے فراہم کر دیے گئے، جبکہ 500 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صرف ساڑھے چھ ماہ کے مختصر عرصے میں 18 ہزار 500 گھروں کی تعمیر کے لیے 100 ارب روپے کے قرضے فراہم کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، جبکہ اب تک تقسیم کیے گئے قرضوں کی مالیت 112 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کی کامیابی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے جنہیں باعزت طریقے سے اپنا گھر ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو بینکوں کے ذریعے قرضوں کی فراہمی قابلِ تحسین اقدام ہے اور اس پورے عمل میں بدعنوانی اور اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں رکھی گئی۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایک کھرب روپے کے قرضوں کی فراہمی کا ہدف حاصل ہونے پر چھ ماہ بعد ایک اور تقریب منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اپنا گھر، اپنا آشیانہ پروگرام کے تحت تعمیر کیے جانے والے گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں۔ حکومت غریب اور متوسط طبقے کی ضروریات کے مطابق جتنے گھروں کی ضرورت ہوگی، تعمیر کے لیے تعاون کرے گی۔
شہباز شریف نے بینکوں کو قرضوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرضوں کی فراہمی میں سیاسی وابستگی نہیں بلکہ میرٹ کو بنیاد بنایا جائے گا اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد بھی معیار پر پورا اترنے کی صورت میں قرض حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعظم نے پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پانچ بینکوں کے چیف ایگزیکٹوز اور مالکان کو بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ یہ بینک اس منصوبے کے سفیر کا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے اسٹیٹ بینک، حکومت، ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کا مشترکہ اجلاس فوری طور پر بلانے کی ہدایت بھی کی تاکہ سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے تصور کے مطابق پاکستان کی تعمیر کے لیے اعتماد، محنت اور دیانت داری کے اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ مرد گھر بناتا ہے جبکہ عورت اسے گھر بناتی ہے، تاہم اس پروگرام کے ذریعے بہت سی خواتین نے بھی اپنے گھر تعمیر کرکے انہیں حقیقی معنوں میں گھر بنایا ہے۔
وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ حکومت اس پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے اور وزیراعظم کی خصوصی توجہ کے باعث یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ بینکوں کی جانب سے 560 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے چیئرمین محمد حنیف گوہر نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت 1 لاکھ 25 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف حاصل کیا جائے گا اور اس منصوبے سے عام شہری مستفید ہو رہے ہیں۔
تقریب کے دوران اپنا گھر پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اسکیم نے انہیں ذاتی گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔
تقریب کے اختتام پر پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پانچ بینکوں کے نمائندوں میں اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔
