صدر مملکت آصف علی زرداری نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، تعلیم اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر پاکستان اور پرتگال کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت سے پرتگال کے وزیر مملکت و امور خارجہ پاؤلو رانجل نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان اور پرتگال کا مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروپ تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے، نئے مواقع کی نشاندہی اور کاروباری تعاون کو آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کو روایتی ٹیکسٹائل تجارت سے آگے بڑھتے ہوئے زراعت، پراسیس شدہ غذائی اشیا، ادویہ سازی، انجینئرنگ، کھیلوں کے سامان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خدمات سمیت دیگر شعبوں میں بھی تجارت کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔
انہوں نے یکم جنوری 2027 سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پرتگال کے انتخاب پر مبارکباد دی اور اس کی کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پرتگال کی حمایت کو بھی سراہا اور پرتگال میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود، معاشرے میں انضمام، قونصلر سہولیات اور حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل تعاون کی درخواست کی۔
ملاقات کے دوران پرتگال کے وزیر مملکت و امور خارجہ پاؤلو رانجل نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو بہترین اور باہمی ہم آہنگی پر مبنی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود خیرسگالی کو مضبوط اقتصادی اور ثقافتی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ پرتگال کے وزیر زراعت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں زراعت کے شعبے میں باہمی تعاون کے نئے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔
