پاکستان اور پرتگال نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس بات کا اعلان نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تجارت اور اقتصادی تعاون سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھانے میں بھی کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے پرتگالی کمپنیوں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔
نائب وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سرکاری دوروں اور روابط میں سہولت پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرتگال کو ایک اہم دوطرفہ شراکت دار اور یورپی یونین میں تعمیری آواز کی حیثیت سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پرتگال کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یورپی یونین کے نئے فریم ورک کے تحت بھی مسلسل تعاون کی درخواست کی۔
اسحاق ڈار نے پرتگال کو پاکستان کی مجوزہ لیبر موبلٹی پارٹنرشپ میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پرتگال کا گرین پاتھ نظام بھرتی کی شرائط پر پورا اترنے والے ہنرمند پاکستانی کارکنوں کے لیے پیش کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پرتگال کے معروف فٹ بال کلب ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کیا۔ معاہدے کے تحت ایف سی پورٹو اکیڈمی میں اپنا ڈریگن فورس تربیتی پروگرام شروع کرے گا، جس سے کوچز کو نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں شناخت کرنے اور انہیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
نائب وزیراعظم نے پرتگال کو 2027-2028 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور بہتر بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کے کردار کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے سراہا۔
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے پرتگالی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی ان کوششوں کا اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے ترکیہ اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے، مصر کے ساتھ ای فور (E4) رابطوں اور مصر، سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کی شمولیت سے ہونے والے مذاکرات کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو باہمی طور پر موزوں تاریخوں پر دورہ لزبن کی دعوت بھی دی۔
