پاکستان کے پہلے خلا باز کی روانگی کی تقریب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بیجنگ پہنچ گئے

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال پاکستان کے پہلے خلا باز کی روانگی کی تقریب میں شرکت کے لیے چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔

بیجنگ ایئرپورٹ پر اسپیس کمپنی کے نائب صدر یانگ یونلی اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

احسن اقبال کل اسپیس مشن سینٹر روانہ ہوں گے، جہاں وہ خلائی مشن کے لیے تربیت مکمل کرنے والے دونوں پاکستانی خلا بازوں سے ملاقات کریں گے۔

خبر کے مطابق خلائی مشن کے لیے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت مکمل ہو چکی ہے، تاہم خلائی پرواز سے قبل ان میں سے ایک کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ یہ پرواز پاکستان کے خلائی سفر کی جانب پیش رفت کی علامت ہے، جو ہمارے نوجوانوں کے خوابوں کو زمین کی حدود سے آگے لے کر جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز چینی خلائی اسٹیشن کا پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا۔

یہ مشن پاکستان کے خلائی پروگرام اور چین کے ساتھ خلائی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

↑
Exit mobile version