دیرپا امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ زیر التوا مسائل کے حل، کشیدگی کی روک تھام اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل ذرائع ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے دوطرفہ ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اجلاس میں ہونے والی مفید مشاورت، پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے ای سی او کی ترجیحات، بالخصوص علاقائی تعاون اور روابط کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے مسلسل رابطوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باقاعدگی سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

↑
Exit mobile version