اسحاق ڈار کا او آئی سی کو مضبوط اور مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو مسلم امہ کی متحد اور مؤثر آواز بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے یہ بات اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات کے دوران کہی۔

نائب وزیراعظم نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو عہدہ سنبھالنے کے بعد اسلام آباد کے پہلے دورے پر خوش آمدید کہا اور تنظیم کے مقاصد کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے ایران اور امریکہ کے تنازع کے دوران خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے او آئی سی میں پاکستان کے فعال کردار اور رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ کے لیے کامسٹیک کی خدمات کو بھی سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

↑
Exit mobile version