او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم امہ کو درپیش مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کرنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی کوششوں کی حمایت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ملاقات کے دوران کیا، جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے او آئی سی سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسلام آباد کے اپنے پہلے دورے پر خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کا اتفاقِ رائے سے انتخاب او آئی سی کے رکن ممالک کے ان پر اعتماد کا مظہر ہے۔

اس موقع پر او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل اور قابلِ قدر کوششوں کو سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مسلم امہ کی نمائندہ تنظیم ہونے کے ناطے او آئی سی کو امت مسلمہ کو درپیش اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی قیادت کرنے کا منفرد مقام حاصل ہے۔

دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پیچیدہ چیلنجز کے باوجود او آئی سی کے کردار اور سرگرمیوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ پوری مسلم امہ کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

ملاقات میں فلسطین اور جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حمایت کا بھی اعادہ کیا گیا۔

↑
Exit mobile version