نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جغرافیائی قربت کو مضبوط علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون میں تبدیل کریں تاکہ خطے کے عوام کی پائیدار خوشحالی یقینی بنائی جا سکے۔
وہ اسلام آباد میں ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کا اہم ذریعہ سمجھتا ہے۔ اس ضمن میں خودمختار مساوات، باہمی احترام، عدم مداخلت اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے اصولوں کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے تناظر میں علاقائی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
خطے کی منفرد جغرافیائی اہمیت اور مختلف شعبوں میں موجود وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے مؤثر ٹرانسپورٹ راہداریوں، سرحدی طریقہ کار کو آسان بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے قابلِ اعتماد انتظامات کی ضرورت پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے ای سی او میں پاکستان کی صدارت کی اہم ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسیع تر منڈیوں تک رسائی، مضبوط علاقائی ویلیو چینز اور نجی شعبے، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حمایت کرے گا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب پر واقع پاکستانی بندرگاہوں کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط مضبوط بنانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان رکن ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں اور مشاورت کی حمایت کرے گا تاکہ زیادہ مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ علاقائی تجارتی نظام تشکیل دیا جا سکے۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور انسانی ترقی کے شعبوں میں علاقائی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اسحاق ڈار نے ای سی او چارٹر میں درج اصولوں، مقاصد اور وژن کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ای سی او علاقائی تعاون کا ایک اہم پلیٹ فارم اور رکن ممالک کی مشترکہ امنگوں کو آگے بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
علاقائی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
ای سی او وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے اختتام پر اپنے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اجلاس میں ہونے والی مشاورت نے علاقائی اقتصادی تعاون اور انضمام کے مشترکہ عزم کی توثیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035ء کی منظوری تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اسلام آباد اعلامیے کے ساتھ یہ اہداف آئندہ برسوں میں علاقائی ترجیحات کو آگے بڑھانے اور رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ علاقائی تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان ہمیشہ ایک مضبوط، مؤثر اور حالات کے مطابق فوری ردعمل دینے والی ای سی او کا حامی رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی روابط کے فروغ، بین العلاقائی تجارت میں سہولت اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے تمام رکن ممالک اور ای سی او کے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار کے مطابق ای سی او کی صدارت کے لیے پاکستان کا منتخب کردہ موضوع ’’علاقائیت کا احیا، مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے‘‘ مشترکہ خوشحالی کے حصول کی خاطر علاقائی تعاون کو نئی تقویت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
