وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حکومت کے اصلاحاتی عمل کو مسلسل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی ترقی، ویلیو ایڈیشن اور عالمی سپلائی چین سے منسلک ہونا پاکستان کی معاشی مسابقت بڑھانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
وزیر خزانہ نے یہ بات ٹرانسشن ہولڈنگز کے بانی اور چیئرمین جارج ژو سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں سرمایہ کاری کے مواقع، مقامی مینوفیکچرنگ اور پاکستان کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان میں کمپنی کی مسلسل سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر کمپنی کے وفد نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں اسمارٹ فونز، الیکٹرک بائیکس اور توانائی ذخیرہ کرنے کے شعبوں میں اپنی موجودگی، مستقبل کی سرمایہ کاری اور کاروباری توسیع کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں مقامی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنانے، مقامی سطح پر مصنوعات کی تیاری، معاون صنعتوں کے فروغ اور مقامی سپلائی چین کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔
کمپنی نے صرف مصنوعات کی اسمبلنگ تک محدود رہنے کے بجائے ویلیو ایڈیشن اور مختلف پرزہ جات کی مقامی تیاری کی جانب پیش رفت کے مواقع بھی اجاگر کیے، جس سے مقامی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام سرمایہ کاروں کے اعتماد اور طویل المدتی کاروباری منصوبہ بندی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاحاتی عمل جاری رکھنے، برآمدات میں اضافے، ویلیو ایڈیشن اور عالمی سپلائی چین میں پاکستان کے انضمام کے لیے پُرعزم ہے تاکہ ملک کی عالمی منڈی میں مسابقتی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے۔
ملاقات میں پاکستان کو صنعتی پیداوار اور برآمدات کا علاقائی مرکز بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمپنی نے پاکستان کی بڑی صارف مارکیٹ، جغرافیائی محل وقوع اور کاروباری ماحول کو اس کے لیے اہم قرار دیا۔
محمد اورنگزیب نے ٹرانسشن ہولڈنگز پر زور دیا کہ وہ مزید سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع کے مواقع تلاش کرنے کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ رابطے جاری رکھے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے باہمی تعاون مضبوط بنانے اور پاکستان کو برآمدات کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
