وزیراعظم کی پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بیرک مائننگ کی مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبے بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، فنی تربیت اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے پاکستان کے معدنی شعبے کی مزید ترقی کے لیے بیرک مائننگ کارپوریشن کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ملک ہے اور ان وسائل کو بروئے کار لا کر بلوچستان کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ معدنی منصوبوں کے ثمرات بلوچستان کے عوام تک براہ راست پہنچنے چاہئیں۔ اس مقصد کے لیے مقامی نوجوانوں کو روزگار اور فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ منصوبوں کے گردونواح میں آباد کمیونٹیز کی ترقی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل اور ملک کے معاشی مستقبل کے لیے کلیدی منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر کامیاب عمل درآمد پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثال قائم کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے وسیع معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ حکومت تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے سے آگے بڑھ کر پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بیرک مائننگ کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان کے معدنی شعبے کی ترقی کے لیے درکار پالیسی، ضابطہ جاتی اور بنیادی ڈھانچے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیرک مائننگ کے وفد نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ملک کے معدنی شعبے کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

وفد نے کراچی اور گوادر میں معدنیات کی پراسیسنگ کی صنعتیں قائم کرنے کے لیے سرمایہ کاری میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

↑
Exit mobile version