اسلام آباد 31 دسمبر تک ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بن جائے گا

حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو 31 دسمبر تک پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کے تمام سرکاری محکموں اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) میں نقد ادائیگیاں وصول نہیں کی جائیں گی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر کامیاب عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت اور ان کی تجاویز انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام تاجروں اور کاروباری مراکز کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنا ہے۔

وزیر مملکت کے مطابق اب تک اسلام آباد کے تقریباً 26 ہزار تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کیا جا چکا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت اس نظام کے تحت ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرے گی، جس میں سڑکوں پر کاروبار کرنے والے چھوٹے دکانداروں سے لے کر بڑے تجارتی مراکز تک تمام کاروباری طبقے شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد اقدام کا مقصد شہریوں کو جدید ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولیات فراہم کرنا اور نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

↑
Exit mobile version