چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کے لیے نوجوانوں کی ترقی اور ان کی صلاحیتوں پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں گلوبل فیئر پے فاؤنڈیشن اور لندن ٹی ایکسچینج کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نوجوانوں کی ایسی فنی اور پیشہ ورانہ تربیت ضروری ہے جو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو، تاکہ ان کی روزگار حاصل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور معاشی مواقع کو پائیدار بنایا جا سکے۔
یوسف رضا گیلانی نے فنی تربیت، انسانی وسائل کی ترقی اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے شعبوں میں سینیٹ، گلوبل فیئر پے فاؤنڈیشن اور اقوام متحدہ کے ادارے برائے تربیت و تحقیق (UNITAR) کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنا معاشی ترقی اور سماجی پیش رفت کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
