وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان چین فرینڈشپ اسپتال کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعظم کے مطابق اسپتال میں مریضوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسپتال کے انتظامی امور آؤٹ سورس کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ اسپتال چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے لیے تحفہ ہے، جو چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور دونوں ممالک کے مشترکہ مقاصد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران یہ اسپتال انتہائی مفید ثابت ہوا، تاہم وبا کے بعد اسے مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے 2020 سے اسپتال کی بندش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے چینی سفیر سے معذرت بھی کی۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ اسپتال اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرے گا۔
