عالمی بینک نے پاکستانی نوجوانوں میں ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور فری لانسنگ کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے تکنیکی اور مالی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے جنوبی کوریا کے دورے کے دوران عالمی بینک کے نائب صدر عثمان دیونے سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، ای گورننس اور ملک کے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر عالمی بینک نے پاکستانی نوجوانوں کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافے اور فری لانسنگ کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ تکنیکی اور مالی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
دریں اثنا، شزہ فاطمہ خواجہ نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں معروف ٹیکنالوجی ادارے ڈیلٹا ایکس کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
