وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں جدید ترین نیشنل ٹیکنالوجی پارک (دانش آئی ٹی پارک) کا افتتاح کردیا ہے۔
وزیراعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس سہولت کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی جانب اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارک محض بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ نہیں بلکہ ایک جامع نظام ہے جس میں نئے کاروباروں کی ترقی کے مراکز، صنعتکاروں، کاروباری افراد، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین، تعلیمی اداروں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور ٹیکنالوجی کے نئے اداروں کو یکجا کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں اسی نوعیت کے جدید ترین ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جائیں گے۔
اس سے پہلے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کا عمل تیز کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
