
دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی: وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
وہ کوئٹہ میں ویڈیو لنک کے ذریعے قومی میڈیا کے اینکرز اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز مشکل اور چیلنجنگ حالات میں بے مثال خدمات انجام دے رہی ہیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کوئٹہ میں بلوچستان کے سماجی و اقتصادی شعبوں، معدنیات و کان کنی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق اہم بریفنگز بھی دی گئیں۔
وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی بریفنگ میں صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کی حکمت عملی، گورننس، عوامی خدمات کی فراہمی اور فنڈز کے مؤثر استعمال سمیت ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
معدنیات اور کان کنی کے شعبے کے حوالے سے بریفنگ میں بلوچستان کے معدنی وسائل کی صلاحیت اور جاری منصوبوں سے آگاہ کیا گیا، جبکہ امن و امان سے متعلق بریفنگ میں صوبائی ایکشن پلان، پولیس اصلاحات اور لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔















