وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے برآمدات، موسمیاتی لچک، انسانی ترقی اور سول سروس اصلاحات سے متعلق اقدامات کے لیے برطانیہ کی مسلسل حمایت طلب کی ہے۔
وہ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈک سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
ملاقات میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، ادارہ جاتی اصلاحات اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
احسن اقبال نے 18ویں آئینی ترمیم کے بعد مقامی طرز حکمرانی کو مضبوط بنانے اور اضلاع کو وسائل اور اختیارات کی مزید منتقلی کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر سیم والڈک نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات، خصوصاً موسمیاتی لچک، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت پیدا کرنے کے اقدامات میں برطانیہ کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون جاری رکھنے کے لیے آمادگی بھی ظاہر کی۔
