سینیٹ میں آبادی میں تیزی سے اضافے پر قابو پانے سے متعلق قرارداد منظور

سینیٹ نے ایک قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے جس میں پاکستان کی آبادی میں تیزی سے اضافے پر قابو پانے کے لیے قومی سطح پر مربوط کوششوں پر زور دیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ صوبائی حکومتوں، ارکان پارلیمنٹ، سرکاری اور نجی شعبوں کے حکام، ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد، علمائے کرام اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ مل کر تمام ضروری اقدامات کرے۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گیس صارفین کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے۔

وہ آج سینیٹ میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے رابطہ کیا ہے اور صوبے میں گیس صارفین کے خصوصاً سلیب کے نظام سے متعلق مسائل کے حل کے لیے طریقۂ کار مشترکہ طور پر وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وہ دفاعی معاہدے پر مذاکرات کے لیے نہیں بلکہ موجودہ بحران سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے ایران گئے تھے۔

انہوں نے آج سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے انہیں جاری بحران کے حوالے سے خصوصی ذمہ داری سونپی تھی۔

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ ریاست اور شہدا کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

حزب اختلاف کے ارکان کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ حدود کو عبور نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات پر اجتماعی اور قومی مفادات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

مختلف مقدمات میں افراد کی حراست کے حوالے سے رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ کسی بھی قسم کے ریلیف کے حصول کے لیے عدالتیں مناسب فورم ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی کی بہن نورین نیازی کی صحت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا اور ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ان کا مکمل طبی معائنہ کیا گیا اور تمام ٹیسٹوں کے نتائج درست تھے۔

ایوان کا اجلاس کل صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

↑
Exit mobile version