وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر اور وفاقی حکومت پولی کلینک کے فیز ٹو توسیعی منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مجوزہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے مختلف ڈیزائنز اور تجاویز پیش کی گئیں، جبکہ وفاقی حکومت پولی کلینک کے فیز ٹو توسیعی منصوبے پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکٹر جی-11 میں زیر تعمیر وفاقی حکومت پولی کلینک کی توسیع کو جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے مرحلے کے طور پر شروع کیا جائے گا، تاکہ اسپتال کو جلد از جلد فعال کرکے شہریوں کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے پہلے مرحلے کو آئندہ سال مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے پہلے مرحلے کو جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم نے اسپتال میں جدید اور ہائی ٹیک طبی آلات کی تنصیب یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے منصوبے پر پیش رفت کے ساتھ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا عمل بھی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
