ذہنی صحت کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔اس سال دن کا موضوع ہے” ذاتی تجربات کو سنا جائے: حقیقی آوازیں، حقیقی تبدیلی”اس دن کامقصد ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار افراد کے تجربات سننے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ ان کی آراء کو پالیسیوں، معاونتی خدمات اور کام کے مقامات پر طریقہ کار کی تشکیل میں شامل کیا جاسکے۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ہر پاکستانی پر زور دیا ہے کہ وہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کرے جہاں خوف، بدنامی یا شرمندگی کے بغیر ذہنی صحت کے بارے میں کھل کر بات کی جاسکے۔
آج ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت کے مسائل کی تشخیص اور علاج کو بھی انفرادی، خاندانی اور معاشرتی سطح پر جسمانی بیماریوں کی طرح قبول کیا جانا چاہیے۔
صدر آصف علی زرداری نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار افراد کی آراء سن کر صرف آگاہی سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت ذہنی صحت کی خدمات کو بنیادی صحت کے مراکز، تعلیمی اداروں اور کمیونٹی کی سطح پر فراہم کی جانیوالی سہولیات میں شامل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔
