ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے آج بشکیک میں کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کولوبایف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ڈپٹی وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطوں، علاقائی سلامتی اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ کے ساتھ کرغزستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
کرغزستان کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مؤثر قیادت فراہم کرے گا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو کرغزستان کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید وسعت دینے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
