سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ خان نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد رہیں اور اس حوالے سے متفقہ موقف اختیار کریں۔
انہوں نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت قومی سلامتی کے معاملے پر حزب اختلاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں قائم سابق صوبائی حکومت کے برعکس بلوچستان حکومت وفاقی حکومت کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں مسلسل مکمل تعاون کررہی ہے۔
وزیر مواصلا ت عبد العلیم خان نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایکسپریس وے N-25کی تعمیر کیلئے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے تحت تقریباً ایک سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تزویراتی اہمیت کے حامل شاہراہ کے اس منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے تاکہ اسے بروقت مکمل کیا جا سکے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختص ایک سو چونسٹھ ارب روپے میں سے تقریباً ایک سو سولہ ارب روپے بلوچستان کے منصوبوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ باقی رقم ملک کے دیگر حصوں میں مختلف منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے۔
