
سینیٹ چیئرمین کا پارلیمانی سفارت کاری مزید مضبوط بنانے پر زور
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امن اور مشترکہ خوشحالی کے حصول کے لیے پارلیمانی سفارت کاری کو مزید مضبوط بنانے، بین الاقوامی قانون کا یکساں اطلاق یقینی بنانے اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پنہ میں دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) کے جنرل ڈیبیٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اختلافات کے حل کے لیے سفارت کاری اور پل کا کردار ادا کرنا انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ باہمی اختلافات کو دور کرنے اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارتی کوششیں ضروری ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے بین الاقوامی قانون کے یکساں اطلاق اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔















