
عطا تارڑ کی ڈیجیٹل گمراہ کن معلومات کے تدارک کے لیے پیشہ ورانہ اور بروقت ابلاغی حکمتِ عملی اپنانے پر زور
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ڈیجیٹل دور میں گمراہ کن معلومات اور جھوٹے مواد کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے پیشہ ورانہ، بروقت اور ذمہ دارانہ ابلاغی حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد میں وزارتِ اطلاعات کے ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کرنے والے 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے 217 زیرِ تربیت افسران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مؤثر حکومتی ابلاغ شفافیت کو فروغ دیتا، عوام کو درست معلومات فراہم کرتا اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد مضبوط بناتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کامن ٹریننگ پروگرام سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے اور انہیں مؤثر عوامی خدمت کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ عاجزی، عزم اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ پاکستان کی خدمت کریں، اپنے فرائض دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔
اس سے قبل وفد کو وزارتِ اطلاعات و نشریات کے کردار، حکومتی ابلاغ، قومی بیانیے کے فروغ، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، عوامی آگاہی اور گمراہ کن معلومات کے تدارک کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
افسران کو ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے عوام تک رسائی اور حکومتی پالیسیوں و اقدامات سے عوام کو باخبر رکھنے کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔















